ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار:لاک ڈاؤن کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں دھوکے باز۔ بینک کھاتوں سے رقم اڑانے کے واقعات میں ہوا اضافہ

کاروار:لاک ڈاؤن کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں دھوکے باز۔ بینک کھاتوں سے رقم اڑانے کے واقعات میں ہوا اضافہ

Mon, 13 Apr 2020 13:48:28    S.O. News Service

کاروار13/اپریل (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران دھوکے بازوں کے ذریعے لوگوں کے بینک کھاتوں سے رقم اڑانے جیسے واقعات میں تیزی آگئی ہے۔ ضلع شمالی کینرا میں مختلف بہانوں سے فون کرکے لوگوں سے ان کے پاسورڈ اور پن حاصل کرنے کے بعد ان کے کھاتوں سے رقم نکالے جانے کی کئی وارداتیں گزشتہ  چند دنوں میں پیش آئی ہیں۔

 تازہ واقعہ کاروار شہر کا ہے جہاں نندن گدا کا رہنے والا راجیش نائک دھوکے بازی کا شکار ہوا۔کسی نے اس کو فون کرکے یہ بتایا  کہ وہ سنڈیکیٹ بینک کامنیجر ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران راجیش کا اے ٹی ایم کارڈ بلاک کیا جارہا ہے۔اس لئے اگر راجیش اس کارڈ کو جاری رکھنا چاہتا ہے تو پھر وہ کچھ معلومات اسے فراہم کرے۔ راجیش اس کی باتوں میں آگیا اور اپنا پاسورڈ اور کارڈ کی دوسر ی تفصیل اسے بتادی۔ اورچند ہی لمحوں میں اس کے کھاتے سے 8000 ہزار روپے اڑالیے گئے۔راجیش نے سائبر کرائم پولیس کے پاس اپنی شکایت درج کروائی ہے۔

 اس دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وزیر اعظم نریندرا مودی نے ’پی ایم کیئرس‘ نامی جو فنڈ کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے قائم کیا ہے اس کو کچھ جعلساز اپنے مقصد کے لئے استعمال کررہے ہیں اور اسی عنوان سے بہت سارے یو پی آئی بناکر لوگوں سے رقم بٹورنے کاکام کررہے ہیں۔ اس لئے مرکزی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ وباء سے لڑنے کے لئے تعاون کرنے والے حضرات صرف pmcares@sbi کے یو پی آئی پر ہی اپنا فنڈ ٹرانسفر کریں۔اس سے ملتے جلتے کسی بھی ایڈریس پر رقم بھیجی جائے گی تو وہ جعلسازوں کے کھاتے میں چلی جائے گی۔

 اس کے علاوہ بینکوں سے قرضہ لینے والوں کو ریزرو بینک نے وباء اور لاک ڈاؤن کے دوران اپنی قسط بینک میں جمع نہ کرنے کی سہولت دے رکھی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فریبی ٹولہ اس کا بھی ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔قرض داروں کو فون کرکے اس اسکیم کے بارے میں تفصیلا ت بتانے اور انہیں قرضہ کی قسط ادانہ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے بہانے سے موبائل پر او ٹی پی بھیج کر ان کے بینک کھاتے سے ہی حساس معلومات حاصل کی جاتی ہیں اور پھر کھاتے سے رقم اڑالی جاتی ہے۔ اس لئے عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران یا اس کے بعد بھی کسی کو بھی فون پر اپنے کھاتے اور اے ٹی ایم کی تفصیلات نہ بتائیں، ورنہ آپ کو چونا لگنا یقینی ہے۔


Share: